اسلام آبا د(آن لائن)سابق صدر آصف زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ایم کیو ایم کے دفاتر کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری سندھ میں سیاست اور سیاسی عمل کا حصہ بننا ایم کیو ایم پاکستان کا حق ہے۔تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کی سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات ہوئی جس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم زرداری ملاقات یقینی بنانے میں ڈاکٹر عاصم اور سلیم مانڈی والا نے بنیادی کردار ادا کیا، ملاقات سے ایک روز قبل رات گئے تک سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم وفد سے مذاکرات کرتے رہے۔ایم کیو ایم رہنماؤں اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات میں سندھ کے مسائل اور ان کے حل پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی سے اشتراک ایم کیو ایم کے لیے سیاسی طور پر نقصان دہ ہے۔اس موقع پر ایم کیو ایم نے کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں میں سرکاری تقرریوں اور تعیناتیوں کا معاملہ اٹھایا جس پر آصف زرداری نے مراد علی شاہ کو یہ معاملہ دیکھنے اور شکایت دور کرنے کی ہدایت کی۔ ایم کیو ایم نے اپنے بند دفاتر کھولنے کا بھی معاملہ اٹھایا جس پر آصف زرداری نے مراد علی شاہ کو ایم کیو ایم کے دفاتر فوری طور پر کھولنے کی ہدایت کی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ دفاتر وفاقی حکومت کے کہنے پر رینجرز نے بند کر رکھے ہیں جس پر آصف زرداری کی ہدایت کی کہ ڈی جی رینجرز سے بات کر کے بند دفاتر کھلوائیں۔