لندن: پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما اور حال ہی میں ترین گروپ میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق سینئر وزیر علیم خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے لندن میں خفیہ ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق علیم خان اور نوازشریف کی ملاقات لندن میں ہوئی جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے بیٹے بھی موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف سے ملنے کیلئےعلیم خان عقبی دروازے سے داخل ہوئے، نواز شریف اور علیم خان کی ملاقات بدھ کے روز ہوئی جو تقریباً تین گھنٹے جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق علیم خان کی ملاقات میں ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کا اہم کردار ہے، علیم خان نے پی ٹی آئی ایم پی ایز کو بھی ن لیگ کے ٹکٹ دینے کا کہا تھا تاہم نواز شریف سے ملاقات میں جہانگیرترین شریک نہیں تھے۔
ذرائع کے مطابق علیم خان نے سابق وزیراعظم کو بتایا کہ ان کے ساتھ تین سال میں کیا ہوتا رہا اوران کی اپنی جماعت پی ٹی آئی نے ان کو کس طرح نشانہ بنایا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ علیم خان نے لندن آنے سے قبل شہباز شریف سے بھی لاہور میں ملاقات کی تھی۔