اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر عبرتناک شکست ہوگی، پرچی چیئرمین کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے، اپوزیشن کو قوم کے سامنے بے نقاب کریں گے۔ ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ عمران خان نے کہا دوستی سب سے، غلامی کسی کی نہیں کریں گے، وزیراعظم نے گستاخانہ خاکوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا، انہوں نے دنیا کو بتایا کہ ڈرون حملوں سے دہشتگردی میں اضافہ ہوا، عمران خان
نے اسلامو فوبیا کے بارے میں بات کی، آج دنیا کے بڑے لیڈر اسلامو فوبیا کے بارے میں بات کرتے ہیں۔مراد سعید کا کہنا تھا کہ نواز شریف ذاتی کاروبار کے لیے بھارت گئے تو حریت رہنماؤں سے ملاقات نہیں کی، آزاد کشمیر الیکشن میں اپوزیشن کو شکست ہوئی، پی ٹی آئی نے گلگت بلتستان الیکشن میں دو تہائی اکثریت حاصل کی، اپوزیشن کو ہر بار شکست کا سامنا کرنا پڑا، ان کی ناقص پالیسیوں سے ہم گرے لسٹ میں چلے گئے، عدم اعتماد کی تحریک میں اپوزیشن کو عبرتناک شکست ہوگی، چوروں کا ٹولہ، ڈاکوؤں کا گلدستہ پھر ایک ساتھ ہوگئے ہیں، اپوزیشن والے ٹی وی، ٹی وی کھیل رہے ہیں۔