بندوق اٹھائی نہیں ، چلانا جانتا ہوں ، بلاول کا وزیر اعظم کو جواب

234

اسلام آباد(صباح نیوز+آن لائن)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ وہ کروں گا جو نسلیں یاد رکھیں گی،کبھی بندوق اٹھائی نہیں مگر استعمال کرنا جانتے ہیں، آپ ہمیں زندگی اور موت کی دھمکی دیں گے تو اس کے نتائج بھی خود برداشت کریں گے، عمران خان ہم بچے نہیں رہے، جو سمجھتے ہیں ہم ڈر جائیں گے ، میری رگوں میں زرداری اور شہید بے نظیر بھٹو کا خون ہے ۔بلاول زرداری نے پارٹی رہنمائوں کے ساتھ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک کے عوام کو لانگ مارچ میں شرکت کے لیے مبارک باد اور شکریہ ادا کرتا ہوں، عوام نے مل کر اسے تاریخی مارچ بنادیا ہے اور یہ مارچ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے تحریک بن گیا،اس لانگ مارچ میں شامل تمام صوبوں کے عوام نے اس سلیکٹڈ وزیراعظم کو مسترد کردیا۔اس موقع پر بلاول نے حساس اداروں سے آصفہ سے ڈرون کیمرہ ٹکرانے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون کا آصفہ بھٹو کی طرف بڑھنا میرے اور میرے والد کے لیے پیغام تھا، کل وزیراعظم نے بندوق کی دھمکی دی ، پہلے ذوالفقار بھٹو، بینظیر بھٹو اب بس! اور قربانیاں نہیں دیں گے،اب میں بچہ نہیں ،بندوق کبھی نہیں چلائی لیکن چلانا جانتا ہوں،ہم جمہوری انداز میں اس حکومت کو گھر بھیجیں گے، ہم پر اعتماد ہیں کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، تحریک عدم اعتماد کے بعد صاف و شفاف الیکشن پر اتفاق ہے۔بلاول نے کہا کہ ہمیں اس حکومت پر اور اس کی تحقیقات پر اعتبار نہیں ہے، ہم آئی ایس آئی سے درخواست کرتے ہیں کہ ٓاصفہ بی بی پر حملے کی تحقیق کرئے ، ہم انٹیلی جنس ایجنسی سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس حملے کی تحقیقات کرئے اور اپنی رپورٹ تیار کرئے ، اس کے علاوہ ہم اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے ٹیکنالوجی کے عالمی ماہرین سے بھی رابطہ کریں گے اور ان کی رپورٹ کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل تیار کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت ہر معاملے پر ناکام ہوگئی، پاکستان کے عوام نے سلیکٹڈ وزیراعظم کو مسترد کردیا، عوام جمہوریت کے ساتھ ہیں اور وہ صاف شفاف انتخابات چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنا منتخب نمائندہ چن سکیں جو ان کے مسائل حل کرے۔