اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان ہمیں دھمکیاں مت دو ہم نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں، عمران خان تقاریر میں غیر مناسب زبان استعمال نہ کریں۔
وزیر دفاع پرویز ختک کے بھائی لیاقت خٹک کی جے یو آئی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، عمران خان کا وقت گزرچکا، یہ اب اپنے آقا پر بھی بوجھ بن گئے ہیں، ان کے لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک اور معیشت کو تباہ کردیا، اب اس کا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، عمران خان ہمیں دھمکیاں مت دو، ہم نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس پر الیکشن کمیشن کیوں تاخیر کر رہا ہے عمران خان کو فارن فنڈنگ اسرائیل، امریکہ اور بھارت سے ہوئی، غیر ملکی مدد سے اقتدار میں آئے۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ عمران خان نے ٹرمپ سے ملاقات کے بعد آ کر خوشی کا اظہار کیا،عمران خان کہتا ہے کہ امریکا کو اڈے دینے سے انکار کردیا، تم سے اڈے مانگے کب ہیں؟ آئی ایس آئی کے چیف نے سیکیورٹی میٹنگ میں بریفنگ دی کہ امریکا نے ہم سے کوئی اڈے نہیں مانگے۔ ان کی اوقات ہے کہ امریکہ کو اڈے دینے سے انکار کر سکیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان نے امریکی ایجنڈے پر سی پیک کو برباد کردیا، امریکی پالیسی پر عمل کر کے چین کو ناراض کیا، ایف اے ٹی ایف کے کہنے پر قانون سازی کی۔
فضل الرحمان کا مزید کہنا ہے کہ ہم نے کبھی بھی ان کے کردار پر بات نہیں کی، ہماری زبان پر گالی نہیں آتی، ہماری تربیت ایسی نہیں، عمران خان کا کردار کا کیا ہمیں پتا نہیں؟، لاس اینجلس سے لے کر ڈی چوک تک بدبودار کردار ہے،
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا وہ حال کریں گے جو اشرف غنی کا ہوا ہے، ہم سیاسی لوگ ہیں، تہمتیں لگا کر سیاست نہیں کی جاتی، میرے ساتھ میرے کردار کا مقابلہ کرنا ہے تو میدان میں آؤ۔