لاڑکانہ پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی،11 گرفتار

354

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 11 روپوش، مطلوب اور سرگرم کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق حیدری پولیس نے موٹرسائیکل چوروں کے گینگ کے تین ملزمان ایاز چانڈیو، وزیر سومرو اور مجاہد مہیسر کو تین ریوالورز، گولیوں اور دو چوری شدہ موٹرسائیکلیوں سمیت، کنگا پولیس نے دو روپوش ملزمان نواب جتوئی اور حاکم عرف شہزادو جتوئی کو، نوڈیرو پولیس نے روپوش ملزم شاہد جونیجو کو شہری ظہور جروار کا چھینا جانے والا چنگچی رکشا سمیت، انچارج مددگار بیس ون نے دوران گشت روپوش ملزم راشد ابڑو کو، سیہڑ پولیس نے مطلوب ملزم صدورو جھتیال کو، رحمت پور پولیس نے منشیات فروش ملزم آفتاب لاشاری کو 9 ہزار گرام بھنگ سمیت، شہید الٰہی بخش سیال پولیس نے ملزم نظام شر کو 7 ہزار گرام بھنگ سمیت اور ڈوکری پولیس نے ملزم فیاض بھنڈ کو 1500 گرام بھنگ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ دوسری جانب لاڑکانہ کے قریب پیرایٹ شیر تھانے کے حدود گاؤں لالانی جتوئی میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے کھیتی باڑی کرنے والے 8 بچوں کے والد بشیر جتوئی کو قتل کرکے فرار ہوگئے۔اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر لاش تحویل میں لے کر چانڈکا اسپتال منتقل کردی جہاں پر پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثا کے حوالے کردی گئی۔پولیس کے مطابق مسلح افراد کی فائرنگ سے بشیر جتوئی قتل ہوئے ہیں مزید واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔دوسری جانب آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔لاڑکانہ پولیس نے انڈس ہائی وے پر کارروائی کرتے ہوئے نان کسٹم ایرانی پیٹرول کا ٹینکر برآمد کرلیا ہے۔ایس ایس پی لاڑکانہ سرفراز نواز شیخ کے مطابق تعلقہ تھانہ کی حدود میں دوران گشت مصطفیٰ فلنگ اسٹیشن کے قریب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نان کسٹم ایرانی پیٹرول سے 14 ہزار 500 لیٹر بھرا ہوا ٹینکر برآمد کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام ایس ایچ اوز کو خبردار کرتے ہوئے سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ کسی بھی تھانے کی حدود سے غیرقانونی ڈیزل، پیٹرول یا دیگر نان کسٹم اشیا کی کراسنگ ہوئی تو متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔