نااہلی کی درخواست پر اسحاق ڈار کو نوٹس جاری کرنیکا فیصلہ

377

اسلام آباد(آن لائن ) الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے نومنتخب سینیٹر اسحاق ڈار کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر انہیں نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بدھ کے روز چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں کمیشن کے بنچ نے اسحاق ڈار کی نااہلی سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کی اس موقع پر درخواست گزار اظہر صدیق نے کمیشن کے سامنے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ میں نے چیئرمین سینیٹ سے اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس بھجوانے کی کئی مرتبہ درخواست کی تھی ۔
انہوں نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی وی تقرر کیس میں سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار سے 19 کروڑ کا 20 فیصد وصول کرنے کا حکم دیا تھا اور یہ رقم آج تک وصول نہیں کی گئی ہے اس موقع پر الیکشن کمیشن نے معاملے پر اسحاق ڈار کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا جس پر درخواست گزار نے کہاکہ ایک نوٹس دفتر خارجہ اور پاکستانی سفارت خانے کے ذریعے بھجوایا جائے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ اسحاق ڈار کو ایک نوٹس باہر بھی بھجوا دیں گے۔