کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملی یکجہتی کونسل سندھ نے پشاورسانحے کومسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سازش کا حصہ قراردیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پہلے کی طرح اب بھی امت مسلمہ اتحاد امت کو برقراررکھتے ہوئے اغیار کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دے گی۔صوبائی صدر اسداللہ بھٹو کی قیادت میں ملی یکجہتی کونسل سندھ کے اعلیٰ سطحی وفد نے انچولی میں مجلس وحدت المسلمین کے دفتر پہنچ کرصوبائی رہنما علامہ باقرعباس زیدی
ودیگر قائدین سے پشاور سانحے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ پسماندگان سے اظہار ہمدردی اور مرحومین کی مغفرت اوردرجات کی بلندی کی دعاکی۔ وفد میں ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر قاضی احمد نورانی،جے یوپی کے علامہ عقیل انجم،مرکزی جمعیت اہل حدیث کے حافظ امجد، جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی،مسلم پرویز،مجاہدچنا ،ممتازسیال جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے مولانا صادق جعفری،مولانا علی انورجعفری،ملک غلام عباس،علامہ شبیرحسین اورمیرتقی ظفر بھی موجود تھے۔اسداللہ بھٹو نے کہاکہ بڑے عرصے سے طاغوتی قوتیں مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کر رہی ہیںلیکن امت مسلمہ ان سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے کہاکہ اتحاد امت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔مغرب پہلے بھی ناکام رہااوراب بھی ناکامی اس کامقدر ہے۔ مجلس وحدت المسلمین کے صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ باقرعباس زیدی نے کہاکہ ہماری اصل پہچان مسلمان ہے اورشیطانی قوتیں ایک بارپھر ملک میں شیعہ سنی فساد کرانے کی سازشیں کر رہی ہیں مگر ان کو پہلے کی طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ملت فقہ جعفریہ نے پہلے بھی اپنا خون دے کر اتحاد امت کو قائم رکھا ہے اورآئندہ بھی اتحاد امت کے لیے ہرقسم کی قربانی کے لیے تیار ہے۔