اسلام آباد(آن لائن ) ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے ۔ چودھری شجاعت اور ان کا وفد بدھ کو زرداری ہائوس پہنچا جہاں آصف زرداری اور چودھری شجاعت کے درمیان نصف گھنٹہ ملاقات جاری رہی ۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ق لیگ سے تعاون کی درخواست کی۔ق لیگ نے فیصلہ ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں طارق بشیر چیمہ، چودھری سالک حسین بھی شریک ہوئے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے ق لیگ کے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کی ملاقات ہوئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ طارق بشیر چیمہ نے وزیراعظم عمران خان سے کہا کہ اگر آپ کے 15 سے 20 ارکان ٹوٹ گئے تو ہم بھی اپوزیشن کے ساتھ جانے پر مجبور ہوں گے۔ذرائع کے مطابق طارق بشیر چیمہ نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ اتحاد کے معاملات میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن اگر آپ کے ارکان بکھر گئے تو ہم بھی نئی پالیسی بنا سکتے ہیں۔