چین کا یوکرین کو 50 لاکھ یوآن کی امداد فراہم کرنے کا اعلان

316
چین کا یوکرین کو 50 لاکھ یوآن کی امداد فراہم کرنے کا اعلان

بیجنگ: چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان چاو لی جیان نے کہا ہے کہ چین کی ریڈ کراس سوسائٹی یوکرین کی درخواست پر اْسے 50 لا کھ یوآن مالیت کی خوراک اور روزمرہ ضروریات سمیت دیگر انسان دوست امدادی سامان کی ایک کھیپ فراہم کریگی، 9 مارچ کو، امدادی سامان کی پہلی کھیپ بیجنگ سے روانہ کر دی گئی ہے، اور مناسب ذرائع کے ذریعے جلد از جلد یوکرائنی ریڈ کراس تک پہنچائی جائے گی۔

چاو لی جیان نے امریکہ، یورپی کمیشن اور برطانیہ کی جانب سے روس پر عائد کردہ پابندیوں کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ “چین بین الاقوامی قانونی بنیاد سے ماورا یکطرفہ پابندیوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے ، بلا جواز تعزیری اقدامات اختیار کرنا امن و سلامتی کے لیے قطعاً فائدہ مند نہیں ہے بلکہ ان سے متعلقہ ممالک کی معیشت اور لوگوں کے معاش کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا اور اس سے تقسیم اور صف آرائِی کو مزید بڑھاوا ملے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ چین اور روس نے ہمیشہ توانائی تعاون کو برقرار رکھا ہے اور دونوں فریق باہمی احترام، مساوات اور باہمی مفاد کی بنیاد پر تیل اور گیس کے شعبوں سمیت معمول کے تجارتی تعاون کو جاری رکھیں گے۔