اسکواش کے سنہری دور کی واپسی کے اقدامات خوش آئند ہیں ، جہانگیر خان

314

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسکواش لیجنڈ اور سابق عالمی چمپئن جہانگیرخان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسکواش کے سنہری دور کی واپسی کیلئے کیے جانے والے اقدامات میں پرائیوٹ سیکٹر کی شمولیت نہایت خوش آئند ہے نوجوان کھلاڑیوں کوگراس روٹ لیول سے اسکواش کی جدیدتربیت فراہم کرکے ہی عالمی معیار کے کھلاڑی تیار کئے جاسکتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کومبیکس اسپورٹس کے سی ای او عمر سعید اور سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر عدنان اسد کے ہمراہ نیشنل کوچنگ سینٹر میں پی ایس ایف جہانگیرخان اسکواش کمپلیکس کے دورے کے موقع پر کیا۔ کمپلیکس کے ڈائریکٹر جنرل کمانڈر (ر) مصطفی کمال، کراچی اسپورٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین آصف عظیم، کومبیکس اسپورٹس کے جنرل منیجر زبیر ماچا اور ایڈمنسٹریٹر اسکواش کمپلیکس محمد عامر خان بھی ان کے ہمراہ تھے جہانگیر خان کاکہنا تھا کہ اسکواش کمپلیکس تعمیرکے آخری مراحل میں ہے جس کیلئے جگہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے فراہم کی ہے رواں ماہ کمپلیکس کاباقاعدہ افتتاح متوقع ہے یہاں جاری تعمیراتی کام پاک امریکن بزنس کونسل کے مکمل تعاون سے انجام دیا جارہا ہے کمپلیکس میں 4 اسکواش کورٹس تعمیر کیے گئے ہیں جن میں 2 کورٹس میں بیک وال گلاس لگائے گئے ہیں یہاں زیر تربیت تمام کھلاڑیوں کوکوالیفائڈ کوچز مفت ٹریننگ دیں گے جبکہ منتخب کردہ باصلاحیت کھلاڑیوں کوایجوکیشن،نیوٹریشن اور اندرون ملک ٹریولنگ کی بھی مفت سہولت فراہم کی جائے گی کو مبیکس اسپورٹس کے سی ای او عمر سعیدکاکہنا تھا کہ ماضی میں تقریبا چھ عشروں تک اسکواش کے کھیل میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اسکواش کی دنیا میں حکمرانی کی ہے ہم پاکستان میں اسکواش کے کھیل کودوبارہ بھرپورفروغ حاصل ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں جس کیلئے ہمارا ادارہ اسکواش فیڈریشن اور صوبائی ایسوسی ایشنز کواپنی مکمل معاونت فراہم کررہا ہے کمپلیکس میں تربیت حاصل کرنے والے تمام کھلاڑیوں اور ٹرینرز کو کٹس اور ٹریک سوٹس کومبیکس اسپورٹس کیجانب سے مفت فراہم کیے جائیں گے پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر اور ر سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر عدنان اسدنے کہا کہ اسکواش کورٹس میں جدیدکیمرے نصب کئے گئے ہیں۔