اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا سرکس بارہا دیکھ چکے ہیں‘ یہ لوگ روزانہ میڈیا میڈیا کھیلتے ہیں اور میڈیا پر ہی حکومت گراتے ہیں‘ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ان کے دعوے ناکام ہوئے‘ یہ ہارا ہوا لشکر ہے صرف ذاتی مفادات کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں‘ اپوزیشن نے پہلے بھی دعوے کیے لیکن قانون سازی میں ان
کے اپنے ہی ارکان غائب ہوتے ہیں‘ اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں بھی منہ کی کھائے گی‘ مولانا فضل الرحمن نے حکومت سے مغرب کو ناراض کرنے کا شکوہ کیا ہے۔ منگل کو اپوزیشن کی پریس کانفرنس پر نجی ٹی وی چینل کو ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن مذہب کے نام پر سیاست کرتے ہیں‘ اپنے جلسوں میں امریکا کے مخالف بیانات دیتے رہے ہیں، آج پریس کانفرنس میں کہہ رہے تھے کہ وزیراعظم عمران خان نے مغرب کو ناراض کر دیا ہے۔