اسلام آباد(صباح نیوز+آئی این پی+ مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی سے 27فروری کو روانہ ہونے والا پاکستان پیپلزپارٹی کا عوامی لانگ مختلف شہروں سے ہوتا ہوا بالآخر ڈی چوک اسلام آبادپہنچ گیا، جلسے میں پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سرپرائز انٹری دی۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد جیالوں کا جمہوری ہتھیار ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے غیر جمہوری عمران خان کو گھر بھیجیں گے جبکہ سابق صدر نے حکومت کو سڑکوں پر آنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آئیں پھر دیکھتے ہیں کون کتنا خطرناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ڈی چوک پر عوامی مارچ کے اختتام پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ایک دن بھی چین سے نہیں بیٹھنے دوں گا، پورے پاکستان کا عمران خان پر سے اعتماد اٹھ گیا ہے، آج اپوزیشن کا اتحاد اور پیشرفت دیکھ کر وزیراعظم کی ٹانگیں کانپ
رہی ہیں، ہرچیزمہنگی کر کے عوام کو نہ گھبرانے کا مشورہ دینے والے کے گھبرانے کا وقت شروع ہوگیا ہے۔بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ میری عمران خان سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، اس نے جمہوریت کا جنازہ نکالا اور عوام کا معاشی قتل کیا، یہ غریب کا نہیں بلکہ امیر کا وزیراعظم ہے جو صوبوں کے حقوق چھیننے کی کوشش کر رہا ہے جسے ہم برداشت نہیں کریں گے۔ پی پی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو وہ نقصان پہنچایا جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔جلسے سے پی پی شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کو باہر نکالنے کا وقت آگیا ہے، مائنس سلیکٹڈ عوام کی حکومت لائیں گے اور سلیکٹڈ کو باہر نکالیں گے، اگر ہم نے اس کو رہنے دیا تو آنے والے ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گے، بہت جلد میں اس کو باہر نکالوں گا۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر آؤ تو سہی دیکھتے ہیں کون خطرناک ہے، ہم پاکستان بچانے والے لوگ ہیں اور ملک کو بچا کر دکھائیں گے۔ڈی چوک پر جلسے سے مسلم لیگ ن کے رہنما اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنما عبدالغفور حیدری نے بھی خطاب کیا۔پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا جلسہ سے خطاب میں کہناتھا کہ ہم نے میثاق جمہوریت میں طے کیا تھا ایک دوسرے کے حریف ہوں گے، دشمن نہیں بنیں گے جبکہ جمعیت علمائے اسلام ف کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ آج غریب کی برداشت جواب دے چکی ہے، عوام کی اس حالت کا ذمے دار عمران خان ہے۔