میرپور:صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے اس خطہ کو آزادی کا حقیقی معنوں میں بیس کیمپ بنانے کے ساتھ ساتھ خطہ کو معاشی و اقتصادی لحاظ سے خوشحال اور خود کفیل خطہ بنائیں گے۔
میرپورتعلیمی بورڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ دبئی میں ہونیوالے ایکسپو میں دنیا بھر کے سرمایہ کاروں سے کہا ہے کہ ریاست جموں وکشمیر دنیا کا خوبصورت ترین خطہ ہے یہاں ہائیڈرل،منرل،ٹورازم سمیت دیگر شعبوں میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں اس مقصد کے لیے میرپور اور راولاکوٹ میں ایئر پورٹ بنائیں گے اور پاکستان ایئر لائن کی طرز پر آزادکشمیر ایئر لائن بھی بنائی جائیگی۔
آزادکشمیر میں ٹورازم کے فرو غ کے لیے ہیلی کاپٹر سروس شروع ہونا چاہیے۔صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی آزادی کے لیے جب میں نے بطور صدر آزادکشمیر کا حلف لیا تو میں نے ریاست جموں وکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان و قیادت کو یکجا کیا۔سیاسی جماعتوں کے نظریات اور ترجیحات کو بالا طاق رکھتے ہوئے 30جنوری کو آل پارٹیز کشمیر کانفرنس اور 24فروری کو تاریخی کشمیر ریلی اسلام آباد میں منعقد کی جس کے اثرات پوری دنیا پر پڑے بلکہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے حوصلے بھی بلند ہوئے۔
اب آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور قائدین پر مشتمل 17مارچ کو مظفرآباد میں کشمیر ریلی کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ بیس کیمپ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو پیغام دے سکیں کہ وہ آزادی کی جدوجہد میں اکیلے نہیں بلکہ بیس کیمپ کی حکومت اور لوگ ان کے ساتھ ہیں۔انھوں نے کہاکہ اوورسیز کا بھی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بڑا اہم کردار ہے جنھوں نے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔صدر آزادکشمیر کی حیثیت سے جب میں برطانیہ ہاس آف پارلیمنٹ گیا تو ہمارے اوورسیز نے مسئلہ کشمیر پر بریفنگ کے لیے 42ممبران پارلیمنٹ کو جمع کیا جو برطانیہ کی تاریخ میں پہلے کبھی صدر،وزیر اعظم پاکستان یا آزادکشمیر کے صدر و وزیراعظم کے دورہ برطانیہ کے موقع پر اتنے ممبران پارلیمنٹ اکٹھے نہیں ہوئے یہ کریڈٹ اوورسیز کشمیریوں کو جاتا ہے۔
انھوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں کی قربانیوں اور اوورسیز کشمیریوں کی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ مسئلہ کشمیر دنیا میں اجاگر ہوا ہے۔ انھوں نے کہاکہ یورپی و بین الاقوامی دنیا کا مفاد اگرچہ بھارت سے ہے لیکن وہاں کے عوام کی رائے کشمیریوں کے حق میں ہموار ہورہی ہے وہ مودی کے سیکولرزم کے مکروہ چہرے کو پہچان چکے ہیں۔یہ نہرو یا ماتمہ گاندھی کا انڈیا نہیں بلکہ ظالم مودی کا انڈیا ہے جس کے خلاف یورپی ممالک کے عوام کی رائے مودی کے حق میں نہیں ہے۔
صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر احتساب ایکٹ کو فعال بنایا جائے ا ور کرپشن کے خاتمہ کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انھوں نے تعلیمی بورڈ کے ملازمین کے ہاس بلڈنگ ایڈوانس،ملازمین رہائشی کالونی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ بورڈ کے ملازمین کی ادارہ کی کارکردگی کو بہتر بنائیں چونکہ آزادکشمیر بورڈ کی پاکستان بھر کے بورڈ میں اپنی حیثیت ہے جس کی آج تک کوئی جعلی سند جاری نہیں ہوئی۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ ادارہ کو مثالی اور بین الاقوامی بورڈ سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے بورڈ کے ریٹائرڈ ملازمین کے اعزاز میں بورڈ کی طرف سے تحائف دینے کی روایت کو سراہتے ہوئے کہاکہ جانے والوں کی عزت اور آنے والوں کے ساتھ تعاون ہونا چاہیے۔ایسی شاندار راویات قائم رہنی چاہیں۔قبل ازیں صدر ریاست جموں و کشمیر جب ہال میں پہنچے تو ان کا کھڑے ہوکر پرتباک والہانہ استقبال کیا گیا اور ان پر گل پاشی کی گئی۔تقریب میں پاکستان اور آزاد کشمیرکے قومی ترانے پیش کیے گے۔صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، وزیر برقیات و آبائی وسائل چوہدری ارشد حسین، ممبر اسمبلی چوہدری یاسر سلطان، ممبر اسمبلی محترمہ صبیحہ صدیق، وائس چانسلر مسٹ ڈاکٹر یونس جاوید نے سابق ریٹائرڈ ملازمین کو بورڈ کی طرف سے تحائف پیش کیے۔صدر گرامی سمیت جملہ مہمانوں نے بورڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسو سی ایشن کے نو منتخب ممبران کو مبارکباد دی۔