اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فر خ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول کا 5دن کا الٹی میٹم زمین بوس ہوگیا، تو اب 24گھنٹے پر آگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول زرداری کے خطاب پر اپنے ردعمل میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کوختم نہیں کیا بلکہ احساس پروگرام کے چھتری تلے 34پروگرامات کا اجرا کیا۔سماجی تحفظ کے پروگرام کا بجٹ 85ارب سے بڑھا کر 260ارب کیا گیا
ہے،جب عمران حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمت میں کمی کی تو اپوزیشن کو یہ بھی ہضم نہیں ہورہا۔وزیر مملکت نے کہا کہ2023ء کے الیکشن صاف اور شفاف ہوںگے، پیپلز پارٹی کا پنجاب میں جو حال ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ، یونین کونسل کا الیکشن بھی جیتنے کی سکت نہیں ہے،اسمبلیاں بھی قائم رہیں گی اور وزیراعظم عمران خان بھی، ناکامی اور رسوائی اپوزیشن کا مقدر ہے، بلاول کے شوقیہ مارچ سے عوامی خدمت کے کسی ایجنڈے پر بات نہیں ہوئی۔سندھ میں کیٹ شو پر سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال ہوا، بلاول مارچ میں لوگوں کی تعدادبتانے کی ہمت نہیں رکھتے، عمران خان سے حساب مانگنے والے پہلے 15سال کا حساب دیں۔