اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد اپوزیشن کے لیے عدم اعتماد جب کہ وزیراعظم عمران خان کے لیے تحریک اطمینان ہوگی،اپوزیشن والوں کے چہرے سے لگتا ہے کہ یہ ہارنے جا رہے ہیں،عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی،وزیراعظم عمران خان تمام بحرانوں سے سرخرو ہوں گے، جیلوں سے بچنے والے جلد قانون کے دائرے میں ہوں گے،ملک زلزلے اور سیلاب سے نہیں بلکہ انتشار سے تباہ ہوتے ہیں،وزیراعظم عمران خان نے سامراجی قوتوں کو پیغام دیا ہے کہ ہماری دھرتی ڈرون حملوں کے لیے استعمال نہیں ہوگی، غیر ملکی طاقتیں ملک میں عدم استحکام چاہتی ہیں، ہمیں کسی مارچ سے کوئی مسئلہ نہیں۔ پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ عمران خان تمام مشکلات سے باہر نکلیں گے ، ہمیں کسی مارچ سے کوئی مسئلہ نہیں، پیپلزپارٹی نے آسٹریلیا کی ٹیم کے لیے راستہ بدلا جو خوش آئند ہے، ہم انہیں متبادل راستہ اور جگہ دیں گے، ہم لانگ مارچ میں رکاوٹیں پیدا نہیں کریں گے، خواتین مارچ کی بچیوں کو بھی کہنا چاہتا ہوں کہ بے شک وہ مارچ کریں لیکن جگہ کا انتخاب سوچ کرکریں۔انہوں نے کہاکہ رواں ماہ 22سے 24مارچ تک اسلام آباد میں وزرائے خارجہ کانفرنس ہوگی جس میں بڑے ممالک کے وزرائے خارجہ آرہے ہیں،اس دوران 22سے 24مارچ تک مقامی تعطیل ہوگی،23مارچ کو فلائنگ مارچ اور تاریخی پریڈ ہوگی،جے ٹین سی طیارے بھی مارچ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن میں اتنی عقل نہیں کہ وہ حالات کے تقاضوں کو سمجھے،ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ غیرملکی طاقتیں پاکستان میں بدامنی پھیلانا چاہتی ہیں، دنیا میں عالمی جنگ کے خطرات ہیں ،اپوزیشن کیا کر رہی ہے،وہ حالات کے تقاضوں کو نہیں سمجھ رہی ہے، میری ذاتی رائے ہے کہ بات چیت کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے ہونے چاہییں۔انہوں نے کہا کہ جیلوں سے بچنے والے جلد قانون کے دائرے میں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان ایکٹو ہیں اور وہ تمام بحرانوں سے آسانی سے نکلیں گے، پہلی بار ملک میں ملکی خارجہ پالیسی بنی، وزیراعظم عمران خان نے ملک میں سامراج کے خلاف آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی ہے، وزیراعظم عمران خان نے شہریوں کو صحت کی سہولیات فراہم کیں۔شیخ رشید نے کہا کہ پشاور دھماکے میں ملوث نیٹ ورک کا پتا چلا لیاہے، ہمیں طالبان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر پیٹرولم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور پاکستان کے مقابلے میں دوسرے ممالک میں پیٹرولیم قیمتیں زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن10مارچ کو اجلاس کی ریکوزیشن دے گی، اس کے بعد 15روز کے اندر اندر اجلاس بلایا جا سکتا ہے۔ایک سوال کے جواب میںانہوںنے کہاکہ سیاست میں دروازے بند نہیں کیے جا سکتے،حالات جلد ٹھیک ہوں گے،اسپیکر اور وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی۔