لاہور(آن لائن)مسلم لیگ(ن)کے صدر اورقائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد عوام کا مطالبہ ہے،اپوزیشن عوام کے فیصلے پر عمل کررہی ہے ،ملک کو معاشی دیوالیہ پن سے بچانے کے لیے تحریک عدم اعتماد ہی راستہ ہے ، معیشت کی بحالی،عوام کو مہنگائی سے نجات اور ریلیف دینے کے لیے اس حکومت کو ہٹانا لازم ہے ۔ ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ وہ لینڈ مائینز صاف کرنا پڑیں گی جو موجودہ حکومت نے معیشت اور ملک کی بنیادوں میں بچھائی ہیں ، مہنگائی عوام کی برداشت سے باہر ہے، وہ ظالم حکومت سے نجات چاہتے ہیں،مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے موجودہ حکومت سے نجات شرط اول ہے، مہنگائی کی ذمے دار موجودہ حکومت ہے، اس کی غلط پالیسیز اور فیصلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی خارجہ امور پر کنٹینر والی ناسمجھ گفتگو ریاست پاکستان کے لیے گھبرانے والی بات ہے،ریاست اور عمران نیازی کی سمت باہم مخالف ہیں، یہ قومی مفادات کے لیے نیک شگون نہیں،عمران نیازی اپنی سیاست اور ساکھ خراب کرچکے،پاکستان کی عالمی سیاست اور ساکھ خراب نہ کریں،ملک میں سیاست ڈبونے والا پاکستان کی عالمی سیاسی پوزیشن پر نہ بولے تو بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ جوہری پاکستان کے وزیر اعظم کی خارجہ امور پر غیرمحتاط گفتگو قومی مفادات کے لیے خطرناک ہے،قیادت کے غلط فیصلوں کی قیمت ممالک اور عوام کو ادا کرنا پڑتی ہے،احساس کریں، معیشت ، خارجہ وداخلہ امور، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی کے بعد مزید تجربات سے پرہیز ہی پاکستان کے حق میں بہتر ہے،گالیاں تحریک عدم اعتماد کا راستہ نہیں روک سکتیں،رویہ گھبراہٹ کا ثبوت ہے،آنے والے دنوں میں عمران نیازی مزید گھبرائیں گے، قوم کی گھبراہٹ کم ہوتی جائے گی۔