وزیراعظم کو ہٹانا ہدف ہے،24 گھنٹوں میں استعفادیں ،بلاول

279

گجرات(صباح نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو اقتدار چھوڑنے کے لیے24گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم،آپ کے پاس24گھنٹے ہیں، استعفا دو،اگر ہمت ہے تو اسمبلیاں توڑو اور ہمارا مقابلہ کرو،ہمارا ٹارگٹ وزیراعظم کو ہٹانا ہے تاکہ شفاف الیکشن ہوسکیں،عمران خان پریشانی اور خوف سے گھبرا کر دھمکیاں دینے پر اتر آئے ہیں۔پیر کو پیپلزپارٹی کے عوامی لانگ مارچ کے گجرات پہنچنے پر بلاول نے کہا کہ آج عام آدمی مہنگائی کے سونامی میں ڈوب چکا، عمران خان کی نالائقی کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں،اب کٹھ پتلی کو جانا ہو گا، پورا ملک سراپا احتجاج ہے، اب بہت ہوچکا، عمران خان نے آئی ایم ایف سے ڈیل کر کے معاشی بحران پیدا کیا،ہم نے پہلے دن سے اس نالائق کو نہیں مانا، پنجاب اور سندھ کے عوام نے گو سلیکٹڈ گو کا نعرہ لگا دیا۔بلاول کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پہچان سلیکٹڈ وزیراعظم ہے ،یہ شخص اس عہدے پر بیٹھنے کے لائق نہیں، عمران خان امپائر کی انگلی کی وجہ سے اقتدار میں آیا، پیپلز پارٹی نے کبھی عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا، حکومت کو عوام کو ریلیف دینا چاہیے، عوام اتنا بوجھ برداشت نہیں کرسکتے،عمران خان کی پالیسی امیروں کو ریلیف اور غریب کو تکلیف پہنچانے کی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ وزیراعظم اتنے گھبرا گئے ہیں کہ گالیاں دینے پر اتر آئے ہیں، عام آدمی مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہا ہے،انہوں نے مزدوروں اور کسانوں کا معاشی قتل کیا،ہم ان سے حساب لینے کے لیے نکلے ہیں،ہمارے مارچ سے اسلام آباد والے گھبرا گئے،گزشتہ روزہماری موجودگی سے لاہورگونج اٹھا۔انہوں نے کہا کہ اب ہم اسلام آباد کی طرف جارہے ہیں، وزیراعظم کے پاس 24گھنٹے ہیں ،فوری استعفا دیں،وزیراعظم کو پتا لگ جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں۔بلاول نے کہا کہ حکومت کا ہروعدہ جھوٹا ثابت ہوا، آئی ایم ایف سے ڈیل کرکے ملک کو مشکل سے دوچار کردیا گیا، عوام ملک میں مہنگائی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمت ہے توہمارے پہنچنے سے پہلے اسمبلی توڑدو،وزیراعظم استعفا دے کر الیکشن میں ہمارا مقابلہ کریں،بس بہت ہوچکا، سلیکٹڈ کوجانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ باہرنکل کر دیکھیں عوام کس کے ساتھ ہیں،آئیں ہمارا سامنا کریں،آپ کو لگ پتا جائے گا، عمران خان اتنے خوفزدہ ہوگئے کہ گالیاں دینے پراتر آئے،عمران خان جتنی گالیاں دیں، اب نہیں بچ سکتے۔بلاول نے کہا کہ عمران خان ووٹ نہیں امپائرکی انگلی کی وجہ سے اقتدارمیں ہیں،جب بھی کوئی مسئلہ آتا ہے عمران خان کسی اورکی طرف دیکھتے ہیں، ہمارامطالبہ صاف اورشفاف الیکشن ہے۔چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان سے حساب لینے کے لیے نکلے ہیں ، سندھ اور پنجاب نے فیصلہ دے دیا، اسلام آباد کی طرف بڑھ رہے ہیں۔بلاول نے کہا کہ عمران یورپی یونین کے پیچھے ایسے پڑا ہے جیسے کشمیر فتح کر لیا ہو،ہم عمران خان سے ہر طبقے کو مایوس کرنے کا حساب لیں گے۔قبل ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری کی قیادت میں جیالے وزیر آباد سے گجرات پہنچے۔عوامی لانگ مارچ(آج)منگل کو شہر اقتدار میں داخل ہوگا۔