راولپنڈی: پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین “بینوقادر ٹرافی” کیلئے جاری پنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز بھی بیٹرز کے نام رہا اور میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے، آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنالیے۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے اپنے دوسرے دن کے اسکور 5 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، پاکستانی نژاد اوپنر عثمان خواجہ اور ویوڈ وارنر نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور کھانے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان پر 138 رنز بنالئے۔
دونوں نے 156 رنز کی شراکت داری قائم کی، جس کے بعد ڈیوڈ وارنر ساجد خان کے ہاتھوں 68 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 203 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب عثمان خواجہ نروس نائنٹی کا شکار ہوئے اور صرف 3 رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہیں کرسکے اور 97 رنز بنا کر اسپنر نعمان علی کی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کے کھلاڑی مارنوس لبوشین اور اسٹیو اسمتھ نے اسکور کو آگے بڑھایا اور تیسری وکٹ کیلئے 68 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم خراب روشنی اور بارش کے باعث میچ روک دیا گیا جس کے بعد دوسرے ون کی طرح تیسرے دن کا کھیل بھی قبل ازوقت ختم کر دیا گیا۔
تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو مارنوس لبوشین 69 اور اسٹیو اسمتھ 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کو پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 205 رنز درکار ہیں اور اسکی 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔