حکمران سن لیں اب وہ ملک میں اسلامی جمہوری انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتے، سراج الحق

460

فیصل آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کو حکومت کہنا حکومت کی بھی توہین ہے، پاکستان تحریک انصاف کے دور میں 16 فیصد کرپشن میں اضافہ ہوا، چینی، آٹا اور دوائی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا تحقیق پر برسر اقتدار پارٹی کے وزرا ئ، مشیر کے نام سامنے آئے،حکومت نے عوام کے ساتھ کھیل کھیلا ہے، حکمران سن لیں اب وہ ملک میں اسلامی جمہوری انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتے، پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی والے جتنی بھی امریکی وفاداری کریں، قوم انھیں اب قبول کرنے کو تیار نہیں۔

ہفتہ کے روز امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے فیصل آباد میں مہنگائی کے خلاف عوامی دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بنے 74 سال ہو چکے ہیں قبضہ مافیا نے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ برصغیر کے عوام نے جس نظام کو تبدیل کرنے کے لئے پاکستان بنایا تھا آج بھی وہی نظام ہم پر مسلط ہے، دنیا بھر میں پاکستان کی عدلیہ 126ویں نمبر پر ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ خودکشی کروں گا آئی ایم ایف کے دروازے پر نہیں جاﺅں گا، ایک کروڑ نوکریاں دونگا، اس حکومت کو حکومت کہنا بھی حکومت کی توہین ہے، پاکستان تحریک انصاف کے دور میں 16 فیصد کرپشن میں اضافہ ہوا، کھاد کی بوری کی قیمت 10 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے گیس کی قیمت آسمان سے بات کر رہی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کے ساتھ کھیل کھیلا ہے، چینی، آٹا اور دوائی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا تحقیق پر برسر اقتدار پارٹی کے وزرا مشیر سامنے آئے، میں یہ بتانے آیا ہوں کے شہزادوں کی حکومت سے عوام کو کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔

سراج الحق نے کہا کہ یہ وہ کرپٹ عدالتی نظام ہے جو اشرافیہ نے آپ کو دیا ہے، ملک اور عدالتوں میں قرآن کانظام چاہتے ہیں، ملک میں طبقاتی نظام تعلیم سے غریب اور امیر کی تقسیم ہوئی، جماعت اسلامی ملک میں یکساں اسلامی نظام تعلیم لائے گی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جو کتاب صدر پاکستان کے بیٹے کے ہاتھ میں وہی کتاب فیصل آباد کے چوکیدار اور مزدور کے بیٹے کے ہاتھ میں ہو گی، مالش کرنے والے بڑے بڑے لیڈر بناے گئے۔سراج الحق نے کہا کہ حکمران سن لیں اب وہ ملک میں اسلامی جمہوری انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتے،پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی والے جتنی بھی امریکی وفاداری کریں، قوم انھیں اب قبول کرنے کو تیار نہیں،جلسے جلسوں پر سرکاری وسائل خرچ کر کے اور لوگوں کو پیسے دے کر لانے والے جان لیں، قوم آپ سے تنگ آ چکی ہے، ہم نے امریکا کو افغانستان میں شکست دے دی، اب اس کے تابعداروں کو پاکستان سے بھگائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ملک کی تینوں پارٹیوں اور جرنیلوں نے بار بار حکومت کی، مگر کسی نے غریب کے بچے کو عزت نہیں دی،حکمران طبقہ ظالم عوام مظلوم ہے، اب مظلوموں کا دور آنے والا ہے،ملک میں غربت، کرپشن اور لاقانونیت کے خاتمے کے لیے اسلامی نظام ضروری ہے،قوم ایک موقع جماعت اسلامی کو دینا چاہتی ہے، سٹیٹس کو کے علمبردار جتنی بھی کوشش کرلیں انھیں روک نہیں سکتے۔ امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں ایک آدمی کے پاس لاکھوں ایکڑ زمین ہے اور دوسرا پانچ مرلہ کے گھر سے بھی محروم، یہ کہاں کا انصاف ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر تمام سرکاری زمینیں ضرورت مندوں میں تقسیم کرے گی۔ ہم لوگوں کو روزگار دیں گے،جماعت اسلامی عدالتوں میں انگریزوں کے نظام کی بجائے قرآن کا نظام لائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساڑھے تین سال ہو گئے ایک وعدہ بھی پورا نہیں ہوا، آج انڈیا میں مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے ہماری ایک بہن مسکان خان غنڈوں کے درمیان کھڑے ہو کر اللہ کی کبریائی بیان کی، ہماری ایک بچی انڈیا کے مقابلے میں کھڑی ہوسکتی ہے تو ہماری حکومت کیوں نہیں۔