اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد وزیراعظم کیلئے تحریک اطمینان ہوگی، شیخ رشید 

381
اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد وزیراعظم کیلئے تحریک اطمینان ہوگی، شیخ رشید 

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد اپوزیشن کیلئے عدم اعتماد جبکہ وزیراعظم عمران خان کیلئے تحریک اطمینان ہوگی، اپوزیشن والوں کے چہرے سے لگتا ہے کہ یہ ہارنے جا رہے ہیں، عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگی، وزیراعظم عمران خان تمام بحرانوں سے سرخرو ہوں گے، جیلوں سے بچنے والے جلد قانون کے دائرے میں ہوں گے، ملک زلزلے اور سیلاب سے نہیں بلکہ انتشار سے تباہ ہوتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے سامراجی قوتوں کو پیغام دیا ہے کہ ہماری دھرتی ڈرون حملوں کیلئے استعمال نہیں ہوگی، غیر ملکی طاقتیں ملک میں عدم استحکام چاہتی ہیں، ہمیں کسی مارچ سے کوئی مسئلہ نہیں۔

پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد عمران خان کے لیے تحریک اطمینان ہوگی، عمران خان تمام مشکلات سے باہر نکلیں گے، ہمیں کسی مارچ سے کوئی مسئلہ نہیں، پیپلزپارٹی نے آسٹریلیا کی ٹیم کے لیے راستہ بدلا جو خوش آئند ہے، ہم انہیں متبادل راستہ اور جگہ دیں گے، ہم لانگ مارچ میں رکاوٹیں پیدا نہیں کریں گے، خواتین مارچ کی بچیوں کو بھی کہنا چاہتا ہوں کہ بے شک وہ مارچ کریں لیکن جگہ کا انتخاب سوچ کرکریں۔

انہوں نے کہاکہ رواں ماہ22 سے 24 مارچ تک اسلام آباد میں وزرائے خارجہ کانفرنس ہوگی جس میں بڑے ممالک کے وزرائے خارجہ آرہے ہیں، اس دوران 22 سے 24 مارچ تک مقامی تعطیل ہوگی،23 مارچ کو فلائنگ مارچ اور تاریخی پریڈ ہوگی، جے ٹین سی طیارے بھی مارچ کریں گے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ اپوزیشن میں اتنی عقل نہیں کہ وہ حالات کے تقاضوں کو سمجھے، ملک زلزلے سیلاب سے نہیں انتشار سے تباہ ہوتے ہیں، غیر ملکی قوتیں ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کررہی ہیں، ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ غیرملکی طاقتیں پاکستان میں بدامنی پھیلانا چاہتی ہیں، دنیا میں عالمی جنگ کے خطرات ہیں اپوزیشن کیا کر رہی ہے، وہ حالات کے تقاضوں کو نہیں سمجھ رہی ہے، میری ذاتی رائے ہے کہ بات چیت کے لیے دروازے ہمیشہ کھلے ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہاکہ جیلوں سے بچنے والے جلد قانون کے دائرے میں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان ایکٹو ہیں اور وہ تمام بحرانوں سے آسانی سے نکلیں گے، پہلی بار ملک میں ملکی خارجہ پالیسی بنی، وزیراعظم عمران خان نے ملک میں سامراج کے خلاف آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی ہے، وزیراعظم عمران خان نے شہریوں کو صحت کی سہولیات فراہم کیں، انہوں نے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ بھی دیا، ہیلتھ کارڈ کی وجہ سے سرکاری ہسپتال خالی ہیں، صحت کارڈ کی وجہ سے اب غریب آدمی فائیو سٹار ہسپتال سے علاج کراتا ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پشاور دھماکے میں ملوث نیٹ ورک کا پتہ چلا لیا ہے، ہمیں طالبان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر پیٹرولم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور پاکستان کے مقابلے میں دوسرے ممالک میں پٹرولیم کی قیمتیں زیادہ ہیں، وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد ناکام ہوگی اور یہ عدم اعتماد اپوزیشن کیلئے عدم اعتماد جبکہ وزیراعظم کیلئے تحریک اطمینان ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن 10 مارچ کو اجلاس کی ریکوزیشن دے گی، اس کے بعد 15 روز کے اندر اندر اجلاس بلایا جا سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جا سکتے، امید ہے کہ حالات بہت جلد ٹھیک ہوں گے، سپیکر اور وزیراعظم کے خلاف اپوزیشن عدم اعتماد کیلئے جو کوششیں کر رہی ہے، اس میں وہ ناکام ہوں گے، وزیراعظم عمران خان تمام صوبوں کی زنجیر ہیں۔