فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں جانوروں کی ممنوعہ ادویات فروخت کئے جانے کا انکشاف

669
فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں جانوروں کی ممنوعہ ادویات فروخت کئے جانے کا انکشاف

فیصل آباد: پنجاب بھر میں جانوروں کی ممنوعہ ادویات فروخت کئے جانے کا انکشاف، منافع خور مویشی پال دھڑا دھڑ ادویات خرید کر جانوروں کو لگانے لگے، جس کی وجہ سے مویشیوں کا دودھ اور گوشت مضر صحت ہونے کا خدشہ بڑھنے لگا جبکہ محکمہ لائیو سٹاک ایسے عناصر کے خلاف کارروائی سے گریزاں۔

ذرائع کے مطابق فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں حیوانات کی ادویات فروخت کرنے والوں نے ممنوعہ ادویات کی فروخت کا سلسلہ شروع کر دیا۔ ممنوعہ ادویات میں بوسٹن انجکشن اور اوکسی ٹوسن نامی ٹیکہ سمیت دیگر قابل اعتراض ادویات کی فروخت کی جا رہی ہیں۔ بوسٹن انجکشن فروخت کرنے والے اس ٹیکہ کی شناخت چھپانے کیلئے ریپر پھاڑ کر 3500 سے 4000 روپے تک فروخت کر رہے ہیں اور یہ ممنوعہ ادویات ڈیری فارمنگ والے دودھ کی بڑھوتری کیلئے استعمال کرتے ہیں اور ممنوعہ ادویات کے استعمال سے پیدا ہونے والا دودھ پینے سے شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں اور بیماریوں میں اضافہ اور ممنوعہ ادویات کی روک تھام کیلئے محکمہ لائیو سٹاک نے پراسرار خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسی مضر اثرات کی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو مختلف بیماریوں کا شکار ہونے سے بچایا جا سکے۔