لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے ساتھ مقابلے میں موٹرسائیکلیں چوری کرنے اور دکانوں کے تالے توڑکر ڈکیتی میں ملوث گروہ کے چار کارندوں کو گرفتار کرکے اسلحہ اور موٹرسائکلیں برآمد کرلی ہیں۔اس حوالے سے ایس ایس پی لاڑکانہ سرفراز نواز شیخ نے بتایا کہ ولید پولیس نے دودائی مائنر کے قریب مقابلے کے دوران 4 ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیے جن میں سعید ولد ممتاز میرجت، امیر علی ولد ولی محمد جمالی، کامران ولد گل حسن میرانی اور طفیل ولد سعید جاگرانی شامل ہیں، ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان کے اعترافات اور نشاندہیوں پر چوری شدہ 5 موٹر سائیکلیں برآمد کرکے ان کے دیگر سہولتکاروں بھی بے نقاب کیا جائے گا جبکہ ملزمان سے دوران تفتیش اعترافات اور انکشافات کیے نتیجے میں مزید کامیابیاں متوقع ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان عادی جرائم پیشہ ور ہیں جن کا مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے جبکہ ولید پولیس نے مقدمات درج کرلیے مزید ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔لاڑکانہ شہر کے تھانہ ولید کی حد نیو بس اسٹینڈ کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے تحصیل باقرانی کے گاؤں نئون آباد کے رہائشی دو سگے بھائی 21 سالہ علی ڈنو اور 20 سالہ دلبر خان جتوئی موقع پر قتل ہوئے جبکہ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے ۔اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر مقتولین کی نعشیں تحویل میں لے کر چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کردیں جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے تاہم پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں اگر ورثا مقدمہ درج کرنا چاہیں تو ان کی مرضی کے مطابق مقدمہ درج کیا جائے گا۔دوسری جانب مقتولین کی نعشیں ورثا گاؤں لے گئے جہاں نعشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا تاہم آخری اطلاع موصول ہونے تک مقدمہ درج نہ ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔ ایس ایس پی لاڑکانہ نے فرائض میں غفلت برتنے پر سابقہ ایس ایچ او کیٹی ممتاز کو نوکری سے برطرف کردیا۔ فرائض پر غفلت برتنے پر ایس ایس پی لاڑکانہ سرفراز نواز نے محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے سابقہ ایس ایچ او کیٹی ممتاز سب انسپکٹر سکندر علی لاکھیر کو نوکری سے برطرف کردیا ہے۔اس موقع پر ایس ایس پی لاڑکانہ نے کہا کہ محکمانہ امور میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ناقابل برداشت نہیں ہوگی، پولیس افسران و جوان عوام کے جان و مال کی حفاظت جیسے اہم فرائض ایمانداری سے سرانجام دیں غفلت اور عوامی شکایات پر سخت کارروائی کی جائے گی۔