سانحہ پشاور پوری قوم کا مشترکہ صدمہ ہے ، علما مشائخ ونگ

187

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی علما مشائخ ونگ کے ضلعی صدر پیر مولانا ریاض احمدسعدی نے کہا ہے کہ پشاور دھماکا اسلام دشمن اور پاکستان دشمن قوتوں کی کارروائی ہے۔ پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ہماری سلامتی اور خودمختاری کے خلاف بڑی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت،امریکا اور اسرائیل پاکستان کے کھلم کھلا دشمن ہیں انہیں پاکستان کی اقوام عالم میں پذیرائی اور استحکام برداشت نہیں وہ وطن عزیز کو مختلف طریقوں سے غیر مستحکم کرنے کی سازش کرتے رہتے ہیں۔ حکومت اور سیکورٹی اداروں کو ان ملک دشمنوں کے خلاف سخت کارروائی کرکے ان کا قلع قمع کرنا ہو گا۔پیرمولاناریاض احمدسعدی نے کہا ہے کہ 57افراد کا ناحق قتل پوری قوم کا مشترکہ صدمہ ہے۔ پشاور کے سانحے کے پیچھے امریکا اور بھارت کے ملوث ہونے کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ ملک میں فرقہ واریت اور تکفیریت پھیلانے میں دشمن پہلے بھی ناکام ہوا، اب بھی ناکام ہو گا۔ حکومت کو قومی ایکشن پلان پر بلاامتیاز عملدرآمد کرناچاہیے جس پر تمام سیاسی، دینی، سماجی تنظیموں نے اتفاق کیا پوری قوم ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلیے متحد ہے۔ عبادت گاہوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے والے انسانیت کے نام پر دھبہ ہیں۔ ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر تشویش ہے۔ سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے امن کو سبوتاژ کیا جارہا ہے۔ عبادت گاہ میں نمازیوں کو نشانہ بنانا غیر انسانی اور ظالمانہ فعل ہے جتنی کی جائے کم ہے، اس بہیمانہ واقعے کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ دہشت گرد ملک، قوم اور دین اسلام کے دشمن ہیں۔خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک میں بدامنی کی نئی لہر تشویشناک ہے۔ دوران عبادت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت سوز عمل ہے جسکی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔پشاور واقعہ میں ملوث دہشت گردوں، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ شہدا کی مغفرت اور زخمیوں کی صحت یابی کیلیے دعا گو ہیں، زخمیوں کو علاج و معالجے کی بہتر سہولیات مہیا کی جائیں۔