اسلام آباد (صباح نیوز)مسلم لیگ(ن)کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جب تحریک عدم اعتماد فائل ہوگی اسی وقت اس کا پتا چلے گا، تحریک عدم اعتماد کی تشہیر نہیں ہوتی اور اس کی تاریخ ایڈوانس میں نہیں بتائی جا تی۔ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں مشترکہ اپوزیشن ہے، ہمیں یقین ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے عمل میں کوئی غیر آئینی رکاوٹ نہیں آئے گی،تحریک عدم اعتماد جلدی ہو جائے گی اور یہ اپنے منطقی عمل کی طرف جا رہی ہے اور اس حوالے سے (آج )پیر کو اسلام آباد میں پھر میٹنگ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے 84افراد ہمارے اور 56 پیپلز پارٹی ، 14جے یو آئی(ف) کے ہیں، تقریباََ 163ارکان بنتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادیوں میں سے کسی نے ناں یا ہاں میں جواب نہیں دیا لیکن ہم نے سب سے رابطہ کیا ہے ان کو دعوت دی ہے، جو پی ٹی آئی کے ارکان ہیں ان کی بہت بڑی تعداد ہے اور وہ 22سے اوپر ہے جو میرے علم میں ہے،انہوں نے ہمیں زبانی یقین دہانی کرائی ہے، ان سے پہلے بھی بات ہوئی تھی اور مزید بات چیت ہوئی ہے،سیاست میں زبان ہی ہوتی ہے، ممکن ہے وزیر اعظم اپنا زور بھی لگائیں گے،جوارکان ان کے ساتھ نہیں چلنا چاہتے تو نہیں چلیں گے یہ ان کا فیصلہ ہے۔