راولپنڈی (سید وزیر علی قادری):پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستانی ٹیم نے 476رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی، اظہر علی 185اور امام الحق 157رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، آسٹریلیا نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 5 رنز بنا لئے تھے ، عثمان خواجہ پا5رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ ڈیوڈ وارنر نے ابھی رنز کا کھاتہ نہیں کھولا۔ ہفتہ کو راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستانی ٹیم نے 245رنز ایک وکٹ کے نقصان پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تواظہرعلی اور امام الحق نے ڈٹ کر حریف بولرز کا مقابلہ کیا، اسی دوران امام الحق نے 150رنز مکمل کئے، کھانے کے وقفے کے بعد کھیل کا دوبارہ آغاز ہوا تو اظہر علی نے بھی 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 19 ویں سنچری مکمل کی۔پاکستان کی دوسری وکٹ 313 رنز پر اس وقت گری جب امام الحق 157 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے اس دوران اظہر علی اور امام الحق نے 208رنز کی شراکت قائم کی ،جس کے بعد اظہر علی کا ساتھ دینے کیلئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم میدان میں اترے تاہم وہ زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 36رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے ، اس وقت پاکستانی ٹیم کا مجموعی اسکور 414تھا ،بابر اعظم کے پویلین جانے کے بعداظہر علی کی صورت میں پاکستان نے چوتھی وکٹ گنوائی، امام الحق کی طرح اظہر علی بھی ڈبل سنچری نہ کرسکے اور 185 رنز پر مارنس کی گیند پر گرین کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے جس کے بعد محمد رضوان اور افتخار نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا تاہم کپتان بابراعظم 476رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر دی، محمد رضوان 29اور افتخار احمد 13رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے ۔آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون، پیٹ کمنز اور مارنس لبوشین نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔آسٹریلوی ٹیم نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان 5رنز بنا لئے تھے، خراب روشنی کے باعث دوسرے روز 16اوورز قبل کھیل ختم کر دیا گیا، عثمان خواجہ 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ ڈیوڈ وارنر نے ابھی رنز کا کھاتہ نہیں کھولا۔