لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) شہر اور گرد و نواح میں سگ گزیدگی کے واقعات میں 13 افراد زخمی، زخمیوں میں 12 سالہ فیاض، 8 سالہ اظہر، 15 سالہ احسان و دیگر شامل ہیں جنہیں ورثا کی جانب سے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال میں قائم اینٹی ربیز ویکسین سینٹر منتقل کر دیا گیا جہاں تمام متاثرین کو ویکسین اور طبی امداد دے کر گھر بھیج دیا گیا۔ سینٹر انتظامیہ کے مطابق آوارہ کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہونے والے افراد کا تعلق لاڑکانہ شہر سمیت ضلع کے مختلف شہروں اور دیہات سے ہے۔ سندھ کو پیرس بنانے کا دعویٰ اور عوامی حقوق کی خاطر اسلام آباد لانگ مارچ کرنے والوں کے اپنے شہر میں آئے روز سگ گزیدگی کے بڑھتے واقعات سے عوام شدید پریشانی کا شکار ہونے لگے، جبکہ اسپتالوں میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین تک موجود نہیں۔ شہری حلقوںنے حکومت سندھ سے اپیل کی ہے کہ شہر میں سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر مستقل منصوبہ بندی کی جائے۔