کوئٹہ فائرنگ واقعہ: زخمی بچہ دم توڑ گیا، تعداد 6 ہو گئی

182

 

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)نواں کلی واقعہ میں زخمی ہونے والا ایک اور بچہ دم توڑ گیا۔ مرنے والوں کی تعداد 6 ہوگئی جن میں میاں بیوی ، 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کوئٹہ پولیس کے ڈی ایس پی عبدالرزاق نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں پشتونستان چوک اور مدرسہ گلی میں 2 الگ الگ گھروں میں پیش آیا تھا جہاں 2 ملزمان ولی خان اور صدام نے اپنے 2 دیگر ساتھیوں کے ساتھ گھروں میں گھس کر محمد رفیق، اہلیہ بی بی حانی ،2 بیٹیاں 18 سالہ بی بی حنیفہ ،20 سالہ بی بی حلیمہ اور 13 سالہ بیٹے محمد کامران کو گولیاں مار کر قتل کردیاتھا۔ملزمان نے محمد رفیق کے 8 سالہ بیٹے رفیع اللہ اور 6 سالہ بیٹی پرمینہ کو بھی فائرنگ کرکے زخمی کیا۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا۔ سول اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر محمد وسیم بیگ نے بتایا کہ زخمی ہونے والا رفیع اللہ بھی دم توڑ گیا۔ انہیں 3 گولیاں سر اور پیٹ میں لگی تھیں۔ جبکہ مینہ کو ہاتھ میں گولی لگی تھی اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان ولی خان اور صدام محمد رفیق کے داماد تھے۔ محمد رفیق کی ایک بیٹی نے شوہر سے تنگ آکر طلاق لے لی تھی جبکہ دوسری بیٹی حلیمہ بھی ناراض ہوکر کچھ دن پہلے اپنے والد کے گھر آئی تھی جس پر دونوں ملزمان مشتعل تھے اور انہوں نے ساتھیوں کے ساتھ آکر فائرنگ کی۔ ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ عبدالحق عمرانی کے مطابق فائرنگ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دوسرے ملزم اور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔