لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ایس ڈی او سب ڈویژن جناح باغ سلیم اختر کٹپر کی خصوصی ہدایت پر سیپکو لائن سپرنٹنڈنٹ پرویز کورائی نے عملے کے ہمراہ شہر کے گنجان آبادی علاقے الہہ آباد میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کرکے سیکڑوں غیرقانونی کنکشن منقطع کرکے بجلی کی تاریں ضبط کرکے صارفین کو سختی سے ہدایت کی کہ بجلی کے میٹر نصب کرکے قانونی طریقے سے بجلی استعمال کریں، بصورت دیگر ایسے بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کرکے مقدمات درج کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے ایس ڈی او سب ڈویژن جناح باغ سلیم اختر کٹپر نے بتایا کہ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کی شروعات کی گئی ہے اس وقت بجلی کی مد میں 60 کروڑ کے بقایاجات ہیں جبکہ گزشتہ ماہ 3 کروڑ 90 لاکھ روپے کی وصولی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الہہ آباد میں بجلی کے سیکڑوں غیرقانونی کنکشن موجود ہیں لیکن اب کسی کو رعایت نہیں ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ کنا کوہ کے علاقے میں دیہاتیوں کے غیرقانونی کنکشن منقطع کیے جاچکے ہیں اور نئے الہہ آباد فیڈر کی بھی منظوری ہوچکی جسے رند کالونی تک وسیع کرکے بجلی لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔