حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر اور وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کچھ قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے اور دہشت گردی کیلئے سرمایہ اور اسلحہ فراہم کررہی ہیں، کراچی کی محرومیوں کا ذمے دار صوبائی حکومت اور آصف زرداری ہیں ۔ میں چیلنج کرتا ہوں کہ نریندر مودی مظفر آباد آجائیں اور کشمیر کا مقدمہ پیش کریں اور عمران خان کو مقبوصہ کشمیر جانے کی اجازت دی جائے پھر دیکھیں کس کو پذیرائی ملتی ہے، وہ حیدرآبا د کی تعلقہ دیہی کے علاقے ٹنڈوجام میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم کسی لانگ مارچ یا عدم اعتماد کی تحریک سے گھبرانے والے نہیں، ہم سیاسی لوگ ہیں ، 25سال سے سیاست کر رہے ہیں ، بلاول زرداری کو کیا پتا کہ سیاست کیا ہوتی ہے انہیں بیٹھے بٹھائے سب کچھ مل گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملتان میں بلاول زرداری نے جوگزشتہ روز کرسیوں سے خطاب کیا
تھا اسی ملتان سے ذوالفقار علی بھٹو منتخب ہوئے تھے آج وہاں سے پیپلزپارٹی کا وجود ختم ہوگیا ہے۔ بلاول زرداری نے سرکاری افسران سے لانگ مارچ کیا ہے ، ہمیں سندھ میں جو پذیرائی ملی ہے ہم نے کسی سرکاری وسائل کا کوئی استعمال نہیں کیا ۔انہوں نے کہاکہ ہماری اطلاعات ہیں کہ سرکاری وسائل سے کیے جانے والے مارچ کو اب شارٹ کیا جارہا ہے جلد ہی اسلام آباد پہنچ جائے کیونکہ ان کو سینٹرل پنجاب سے کوئی پذیرائی نہیں مل رہی ۔دریں اثناء وزیر خارجہ شاہ محمد قریشی نے ٹنڈوجام میں جلسہ عام اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے سندھ کا کوئی شہر ایسا نہیں جو مسائل کا شکار نہ ہو ،عوام نے 15 سال پیپلز پارٹی کو آزما لیا ہے اب اگر سندھ کے حالات بدلنا چاہتے ہیں تو پی ٹی آئی کا ساتھ دے،حکومت 5 سال پورے کرے گی اور آئندہ بھی عوام پی ٹی آئی کا ساتھ دے گی۔انہوں نے کہا بہت جلد عمران خان حیدرآباد کا دورہ کرکے یہاں کے عوام سکھر سے حیدرآباد موٹر وے کا تحفہ دیں گے۔ انہوں نے وزیراعظم سندھ کے عوام کو ہیلتھ کارڑ دینا چاہتے ہیں لیکن سندھ حکومت اس میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے اور اٹھارویں ترمیم کی وجہ حکومت کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں کہ براہ راست عوام کی خدمت نہیں کر سکتی۔