شاہ محمود اور روسی ہم منصب کا ٹیلیفونک رابطہ،تبادلہ خیال

309

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں پاکستان نے روس یوکرین کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں وزرائے خارجہ
نے دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ روس کے تناظر اور دوطرفہ امور پرگفتگو کی گئی۔ترجمان کا کہنا تھاکہ افغانستان سمیت خطے کے اہم امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان کا کہنا تھاکہ روسی وزیرخارجہ نے پشاورمیں دہشتگردی کی مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔دفترخارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان میں امن واستحکام کیلیے مشترکہ کوششوں پراتفاق کیا۔ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود نے یوکرین صورتحال پرپاکستان کی تشویش کا اظہار کیا اور یواین چارٹرکے بنیادی اصولوں کے مطابق کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا۔ترجمان کا کہنا تھاکہ وزیرخارجہ نے یو این چارٹر کے تحت تنازع کے سفارتی تصفیے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ توقع ہے روس اور یوکرین مذاکرات سفارتی حل کی تلاش میں کامیاب ہوں گے۔دفترخارجہ کے مطابق روسی وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو موجودہ صورتحال پر روس کے نقطہ نظر سے بھی آگاہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے روسی ہم منصب سے پاکستانی شہریوں کی مدد اورسہولت فراہم کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ یوکرین سے پاکستانی شہریوں کی محفوظ اور جلد واپسی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔