دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہماری محنت سے حاصل کامیابیاں خطرے میں ہیں، شہباز شریف

186

اسلا م آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری محنت سے حاصل کامیابیاں بھی خطرے میں ہیں۔

مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا اکاونٹ پرجاری بیان میں شہباز شریف نے ایسوسی ایشن آف الیکڑانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز(ایمینڈ) کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین میں دی گئی آزادیوں پر سیاہ قوانین کے ذریعے شب خون مارا جا رہا ہے تاہم ن لیگ صحافت، اظہار رائے اور شہری آزادیوں کے تحفظ اور فروغ کی جدوجہد میں ایمنڈ کے ساتھ ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کے بعد قوم منتظر ہے کہ حکومت عملی اقدامات کرے، حکومت دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی عملی کوششیں کرے۔صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ حکومت ابھی تک بیانات کے سواکوئی حکمت عملی طے نہیں کر سکی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری محنت سے حاصل کامیابیاں بھی خطرے میں ہیں۔