راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے پہلی اننگز 476 رنز پر ڈیکلیئر کردی

298

راولپنڈی: پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں اظہر علی اور امام الحق کی شان دار سنچریوں کی مدد سے پہلی اننگز 4 وکٹوں پر 476 رنز بنا کر دوسرے روز ڈیکلیئر کردی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈم میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے روز پاکستان نے پہلی اننگز کا کھیل دوبارہ شروع کیا تو اسکور ایک وکٹ پر 245 رنز تھا۔کھیل کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، امپائرز اور ٹیم انتظامیہ نے آسٹریلیا کے عظیم لیگ اسپنر شین وارن کے انتقال پر ایک منٹ کے لیے خاموشی اختیار کی۔

ٹیسٹ کرکٹ میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے لیگ اسپنر شین وارن کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔پہلے دن اپنی سنچری مکمل کرنے والے امام الحق نے اظہرعلی کے ساتھ مل کر اسکور مزید آگے بڑھایا اور اننگز میں اپنے 150 رنز مکمل کیے۔دوسرے اینڈ سے اظہر علی نے بھی شان دار بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے کیریئر کی 19 ویں سنچری مکمل کی۔آسٹریلیا نے دوسرے روز پہلی کامیابی اس وقت حاصل کی جب 313 کے اسکور پر امام الحق 157 رنز بنا کر کپتان پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

اظہر علی کا ساتھ دینے کے لیے پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم میدان میں آئے اور دونوں بلے بازوں نے سنچری شراکت کے ساتھ اسکور 414 رنز تک پہنچایا۔بابراعظم ایک طویل اننگز کھیلنے سے قاصر رہے اور 36 رنز بناکر آوٹ ہوگئے، وہ لیبسچینج کی بہترین فیلڈنگ کے باعث رن آوٹ ہوگئے۔اظہرعلی نے 185 رنز کی اننگز کھیلی، جس کے لیے انہوں نے 361 گیندوں کا سامنا کیا، اننگز میں 15 چوکے اور 3 چھکے بھی شامل تھے۔

لیبسچینج نے پاکستان کی جانب سے 185 رنز کی شان دار اننگز کھیلنے والے اظہر علی کو گرین کے ہاتھوں کیچ کروایا۔محمد رضوان اور افتخار احمد نے پانچویں وکٹ کے لیے 64 رنز جوڑے اورمزید وکٹ گرنے نہیں دی، اس دوران محمد رضوان نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنےایک ہزار رنز بھی مکمل کیے۔پاکستان کا اسکور 4 وکٹوں پر 476 رنز پر پہنچا تھا کہ کپتان بابراعظم نے کریز پر موجود بلے بازوں کو واپس بلاتے ہوئے اننگز ڈیکلیئر کردی۔محمد رضوان 29 اور افتخاراحمد 13 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز، ناتھن لائیون اور لیبسچینج نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔مہمان ٹیم کی جانب سے عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر اننگز کا آغاز کرنے میدان میں آئے اور جب خراب روشنی کے باعث دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تو دونوں اوپر بالترتیب 5 رنز اور صفر پر کھیل رہے تھے۔ دوسرے دن کا کھیل 16 اوورز قبل خراب روشنی کے باعث ختم کردیا گیا، جبکہ تیسرے دن کا کھیل مقررہ وقت سے 10 منٹ پہلے شروع ہوگا۔قبل ازیں پاکستان نے گزشتہ روز امام الحق کی سنچری اور اظہرعلی کی نصف سنچری کی بدولت ایک وکٹ پر 245 رنز بنائے تھے۔پہلے روز آوٹ ہونے والے بلے باز عبداللہ شفیق نے 44 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔