سکھر، عدالتی حکم پر با اثر وڈیروں کے پاس یرغمال خاندان بازیاب

156

سکھر( نمائندہ جسارت )پنوعاقل میں عدالتی حکم پر پولیس نے بااثر وڈیروں کے پاس یرغمال خاندان کو بازیاب کرالیا ایڈیشنل سیشن جج سکھر کی عدالت میں پیش ،وڈیرے کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم، سکھر کی سیشن کورٹ میں سانگھڑکی مکین بھیل برادری کے ایک شخص ریشم بھیل نے اپنے وکیل قربان شرکی معرفت درخواست جمع کرائی کہ اس کی برادری کے خاندان جس میں دو خواتین ،دوبچے اور ایک مرد شامل ہے کو پنوعاقل میں بھیل برادری کے بااثر وڈیروں جمن ،خمیسو اور املاک بھیل نے چار ماہ سے یرغمال بنا رکھا ہے جس پر سیشن جج نے پنوعاقل پولیس کو فوری کارروائی کرکے یرغمال خاندان کو بازیاب کرانے کا حکم دیا جس پر پنوعاقل پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بااثر وڈیروں کے پاس یرغمال مذکورہ خاندان کو بازیاب کرالیا جنہیں آج ایڈیشنل سیشن جج سکھر کی عدالت میں پیش کیا گیا عدالت نے یرغمال خاندان کے بیان کے بعد پولیس کو مذکورہ وڈیروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا وکیل قربان شر نے بتایا کہ متاثرہ خاندان بھی سانگھڑ کا مکین ہے جسے بااثر وڈیرے تنخواہ دینے کا جھانسہ دے کر پنو عاقل لائے تھے اور انہیں یرغمال بنا کر ان سے جبری مشقت کراتے اور تشدد کا نشانہ بھی بناتے تھے ان کے ایک رشتے دار کی درخواست پر ان کی بازیابی عمل میں آئی ہے۔