لاہور (نمائندہ جسارت)ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں بری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے ثبوتوں کے صندوق اور ٹرک شہباز شریف کے حق میں گواہی دے رہے ہیں ۔ایک بیان میں ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ بدترین سیاسی انتقام اور عمرانی پروپیگنڈے کے منہ پر ایک اور طمانچہ ہے، آج نیب کے
گواہ شہباز شریف کی بے گناہی کی گواہی دے رہے ہیں،عمران خان کی چوری، کرپشن، غیرقانونی غیرملکی فنڈنگ کی گواہی اسٹیٹ بینک کا ریکارڈ دے رہا ہے، آج قانون، عوام اور ضمیر کی عدالت میں شہباز شریف سرخرو اور عمران خان مجرم بن کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرائے کے ترجمان سْن لیں،نیب گواہ نے گواہی دی کہ جن کمپنیوں کا ریکارڈ پیش کیا، شہبازشریف ان کمپنیوں کے اسپانسر نہیں رہے، نیب گواہ نے تصدیق کی کہ جو ریکارڈ پیش کیا، اس کے مطابق شہباز شریف نے کمپنیوں سے کوئی فوائد نہیں لیے۔ ریکارڈ کے مطابق تمام کمپنیاں قانون کے مطابق تھیں،نیب گواہ نے گواہی دی کہ ان کمپنیوں کے خلاف کبھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی، عمران خان کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کاپورا پاکستان گواہی دے رہا ہے ۔