ڈاکٹر عبدالقدیر نظریے کے امین و صادق تھے،،ایاز ظہیر ہاشمی

301

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)قومی امن کمیٹی بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر علامہ پیر سید ایاز ظہیر ہاشمی نے کہا ہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر نے اپنی تمام صلاحیتوں کو پاکستان کی بقا ء اور سلامتی کے لیے استعمال کیا وہ اپنی زندگی میں ایک ایسی تحریک کا قیام چاہتے تھے جو ملک میں حقیقی طور پر عشق مصطفی کے پیغام کی روشنی میں عدل و انصاف فراہم کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآبا د کے ایک روزہ دورے پرصوبائی سیکرٹریٹ سمو ں ہاؤس میں قومی امن کمیٹی کے عہدیداران و کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ مرکزی وائس چیئرمین نور الصبا ہاشمی بھی موجود تھیں جبکہ حیدرآباد پہنچنے پر تحصیل لطیف آباد کے وائس چیئرمین قاضی خلیل احمد، سینئر نائب صدر تحصیل لطیف آباد رضوان راجپوت نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔مرکزی چیئرمین ڈاکٹر علامہ پیر سید ایاز ظہیر ہاشمی نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر ایک حقیقی عاشق رسول اور حقیقی غلامان مصطفی تھے اورآج قومی امن کمیٹی بین المذاہب کے تمام کارکنان و ذمہ داران، ڈاکٹر عبدالقدیر کے نظریے کے امین و صادق ہیں اور کمیٹی کے تمام کارکنان و ذمہ داران پر یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی بقاء و سلامتی کے لیے اپنے اداروں کو مضبوط کریں، پاک فوج، آئی ایس آئی، ایم آئی کے ہاتھوں کو مضبوط اور دشمن کے سامنے کھڑے ہوکر پیغام امن کی صدا کو بلند کریں۔