سی پی او راولپنڈی عمر سعید ملک کا کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ

404

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل سی پی او راولپنڈی عمر سعید ملک نے علی الصبح کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔سی پی او عمر سعید ملک نے کرکٹ اسٹیڈیم اور گردونواح میں ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو چیک کیا جبکہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ایس پی آپریشنز اور سینئر افسران نے سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔سی پی او نے پوائنٹ ٹو پوائنٹ ڈیوٹی کو خود چیک کیا اور افسران کو ہدایات دیں جبکہ سی پی او نے کرکٹ ٹیمز کو اپنی نگرانی میں اسٹیڈیم پہنچایا۔اس موقع پر سی پی او عمر سعید ملک کا کہنا تھا کہ کرکٹ ٹیمز، آفیشلز، شائقین کرکٹ اور اسٹیڈیم کی فول پروف سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی پولیس کے 4500سے زائد افسران و اہلکار سیکیورٹی و ٹریفک فرائض سر انجام دے رہے ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ ایونٹ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔