ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بطور وزیرخارجہ علم ہے کونسی قوتیں دہشت گردی کرا رہی ہیں، پتا ہے کون دہشت گردوں کو اسلحہ اور وسائل فراہم کرتا ہے، کچھ قوتیں ہر گز نہیں چاہتی کہ پاکستان خوشحال ہو اور مستحکم ہوجائے، یہ چاہتے ہیں پاکستانی قوم پھر سے مایوسی میں گھِر جائے۔ انہوں نے ٹنڈو محمد خان میں سندھ حقوق مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے مخالفین بھی ملک میں بے یقینی کی صورتحال پیدا کررہے ہیں، اپنے اقتدار اور احتساب کے عمل سے بچنے کیلیے سارا ناٹک کررہے ہیں، شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ متحد و یکجا ہوگا تو تیر ٹوٹ جائے گا، تیر نے بہت سے ارمانوں کو زخمی کردیا ہے، آپ لوگ متحد رہیں اور 2023 کا انتظار کریں کیونکہ آئندہ الیکشن میں تاریکی مٹ جائے گی اور سندھ میں ایک نیا اجالا آئے گا۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سب سے بڑی سازش کا نام آصف زرداری ہے۔علی زیدی نے کہا کہ پیپلزپارٹی لانگ مارچ نہیں رونگ مارچ کررہی ہے، پیپلز پارٹی والے سندھ کو 15سال سے کھا رہے ہیں ،سندھ کے لٹیروں کو بلا 2023 میں بھگا دے گا، بلاول بھٹو نہ تیتر ہے نہ بٹیر ہے، یہ بھی ملک کو کھا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی کوایک پتھر بھی نہیں ماریں گے لیکن آصف علی زرداری ایک بات یاد رکھیں کہ ہماری شرافت اورمظلومیت کو کمزوری سمجھنے کی کبھی غلطی نہ کریں، اگر کچھ ہوا تو پھر اس کی ذمہ دار پیپلزپارٹی ہی ہوگی۔