راولپنڈی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 24 برس بعد پاکستان آئی ہے‘ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے‘ ہماری اپوزیشن ہمیشہ عوام کے خلاف ہی کھڑی ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعے کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کے آغاز پرکیا۔ وفاقی وزیر نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں سے مل کر خوشی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اپوزیشن ان فٹ ہے‘ میچ نہیں کھیل پائے گی‘ لانگ اور شارٹ مارچ کرنے والوں سے بھی کہوں گا کہ اپنی گاڑی پکڑیں اور جلدی سے ٹیسٹ کرکٹ دیکھنے آئیں‘ ان کو فری پاس دیں گے‘ انہیں بھی عام لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے تاکہ وہ یہ کہنے کے قابل ہوں کہ وہ بھی عام لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں‘ ہم ہر دفعہ دیکھتے ہیں کہ چاہے وہ پیسے لوٹنے کا معاملہ ہو‘ گورنس کا معاملہ ہو یاپھر کھیل کا‘ ہماری اپوزیشن ہمیشہ اپنے عوام کے خلاف ہی کھڑی ہوتی ہے اور ایک ایسے وقت میں جب پاکستان میں کرکٹ بحال ہو رہی ہے ‘ اتنا بڑا ایونٹ ہو رہا ہے‘ اپوزیشن کا وہی رویہ ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کی قیادت کو کہوں گا کہ انہیں ایک فری باکس دے دیں گے اور وہ 4، 5 دن آرام سے میچ دیکھیں اور اس کے بعد اپنی اسٹریٹجی بنائیں کیونکہ بندے وغیرہ تو ان کے پورے ہو نہیں رہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ بھارتی کرکٹ ٹیم بھی یہاں آئے‘ پاکستان میں زبردست میچز ہونے چاہیئں‘ ہمیں پاکستان اوربھارت کی کرکٹ کو سپورٹ کرنی اور کھیلوں کو فروغ دینا چاہیے ۔