خانیوال (خبر ایجنسیاں) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہاہے کہ کٹھ پتلی نے سمجھا تھا کہ کوئی اس کا مقابلہ نہیں کرے گا، میڈیا پر پابندی لگا کر عوام کی آواز دبائے گا، یہ اداروں کو استعمال کر کے مخالفین کو خوفزدہ کرے گا اور کوئی بھی اس کی حکومت کو چیلنج نہیں کرے گا لیکن یہ سب کٹھ پتلی کی بھول تھی، جیالوں کی 2 دن کی محنت کے بعد کٹھ پتلی جھک گیا، ہم نے قوم کے لیے عذاب بنے منافق وزیراعظم کو بھگانا ہے ، پیپلز پارٹی کسانوں کی جماعت ہے اور کسانوں کو زمینوں کا مالک بنایا تھا، بے نظیر کسانوں کو بھائی کہتی تھیں اور ان کے دور میں کسانوں کو پوری مزدوری ملتی تھی جبکہ موجودہ جھوٹے وزیراعظم نے کسانوں کا معاشی قتل کر دیا ہے اور اب کسان اس کاحساب لیں گے، ہمیں اب دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، پیپلزپارٹی 3 نسلوں سے قوم کی خدمت کر رہی ہے جبکہ سلیکٹڈ نے صرف بھاگنا ہے اور لندن جانا ہے، ہم نے عوام کے ساتھ مرنا جینا ہے۔ جمعہ کو خانیوال میں عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خانیوال کے عوام کا تاریخی استقبال کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں اور خانیوال کا مطالبہ ہے کہ گو سلیکٹڈ ، نو سلیکٹڈ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قافلے میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور ہم اپنی منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں، مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور نالائق ، نا اہل اور ناکام ترین وزیراعظم کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ بلاول نے خطاب میں کہا کہ میری بہن آصفہ زرداری کو مخصوص نجی ٹی وی کا ڈرون کیمرہ لگا ہے، معلوم نہیں کہ یہ جان بوجھ کر مارا گیا یا غلطی سے ہوا۔ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ ہمارا ہدف اس وزیراعظم کو ہٹانا ہے ،عمران خان کے خلاف عدم اعتماد تحریک میں کامیابی کے بعد عبوری سیٹ اپ کے لیے وزیراعظم ن لیگ سے ہوگا۔