کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) مجلس وحدت مسلمین اورامامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے پشاور جامع مسجد امامیہ میں خودکش حملے کے خلاف محفل شاہ خراسان نمائش چورنگی سے گورنر ہائوس تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں مختلف شیعہ تنظیموں کے رہنما بشمول علامہ مختار امامی، علامہ باقر عباس زیدی ،علامہ صادق جعفری،آئی ایس کراچی کے صدر دباج رضا، مرکزی تنظیم عزاداری کے صدر ایس ایم نقی، علامہ مبشر حسن اور علامہ علی انور سمیت کثیر تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔ شرکاسے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ پشاور کے المناک حادثے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے اس المناک سانحہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ قیمتی انسانی جانوں کا غیر معمولی ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ ملک دشمن عناصر کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی خواہش کے بھیانک نتائج پوری قوم کو بھگتنے پڑ رہے ہیں۔دہشت گردوں کے ساتھ ریاست کی مفاہمتی پالیسی کا یہ باب ہمیشہ کے لیے بند کیا جائے تاکہ مستقبل میں مزید سانحات سے بچا جا سکے۔رہنماوئں نے کہا خانہ خدا میں خون کی ہولی کھیلنے والوں کا نہ تو کوئی مذہب ہے اور نہ ہی کوئی وطن ہے۔دہشت گردوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانا امن وسلامتی کو دانستہ طور پر تباہی کی طرف لے جانے کے مترادف ہے۔