زرداری، فضل الرحمان اور نواز شریف نے عدم اعتماد پر حتمی مشاورت مکمل کرلی

383
زرداری، فضل الرحمان اور نواز شریف نے عدم اعتماد پر حتمی مشاورت مکمل کرلی

 اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری ، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے عدم اعتماد کی تحریک پر حتمی مشاورت مکمل کرلی اور کہاگیا کہ تحریک عد م اعتماد کا ڈرافٹ تیار ہوچکا ہے اور اس حوالے سے قانونی ماہرین کی رائے بھی آچکی ہے، اپوزیشن رہنماﺅں کے درمیان اس پراتفاق رائے طے پایاکہ موجودہ حکومت کے تین سالہ دور میں ملک جس معاشی عدم استحکام کا شکار ہوا ہے ہم اس عدم اعتماد کے زریعے اسکو بحال کریں گے ۔جمعرات کو سابق صدرمملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینزکے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے طریقہ کار اور اس کے لیے مناسب وقت کو حتمی شکل دینے پر غورکیا گیا، اس دوران صدر ن لیگ شہباز شریف سے بھی ٹیلی فونک مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران لندن میں موجود مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا گیا جس میں تینوں رہنماﺅں نے عدم اعتماد کی تحریک پر حتمی مشاورت مکمل کرلی۔ مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال اور عدم اعتماد کی تحریک پر مشاورت ہوئی، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ملاقات کے دوران بذریعہ فون تمام مشاورت میں شریک رہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مسلسل مشاورت جاری ہے، عدم اعتماد سے متعلق قانونی ماہرین کی رائے بھی آچکی ہے۔