مہنگائی و بیروزگاری ،جماعت اسلامی آج سکھر میں دھرنا دیگی

268

سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے تحت مہنگائی بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف جاری ملک گیر تحریک کے سلسلے میں آج مرکزی امیرسراج الحق کی قیادت میں احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا کے مطابق احتجاجی دھرنا بعد نماز جمعہ سہ پہر 3بجے سکھرپریس کلب مینارہ روڈ پردیا جائے گا۔ دھرنے سے مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو،سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی ،جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ سمیت دیگر مرکزی ،صوبائی ومقامی رہنما بھی خطاب کریں گے۔دھرنے کو کامیاب اورعوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے رہنمائوں اور کارکنوں نے عوام سے بڑے پیمانے پر رابطے کیے ہیں جبکہ انتظامات کو آخری شکل دی گئی ہے۔ دھرنے کی سیکورٹی کے انتظامات جے آئی یوتھ اوراسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوانوں کے سپرد کیے گئے ہیں۔ مقامی امیر زبیر حفیظ شیخ اوریوتھ کے ضلعی صدر عبدالغفور کلہوڑو کی نگرانی میں شہر بھرکے
مختلف چوراہوںراستوں پر دھرنے کے سلسلے میں خصوصی طور پر تیار کردہ بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں، مختلف مقامات کو جماعت اسلامی کے پرچموں اور بینرز پوسٹرز سے سجایا گیا ہے،کارکنان جوش و جذبے کے ساتھ تیاریوں میں رات دن مصروف رہے۔دریں اثنا امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ مہنگائی ،بے روزگاری اورآئی ایم ایف کی غلامانہ پالیسیوں نے ملک کو کنگال اورعوام کو بدحال کرکے رکھ دیا ہے،4مارچ کو سکھر کے بعد کندھکوٹ،بدین اورحیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی دھرنے ہوں گے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سکھردھرنے میں بھرپور شرکت کرکے بیداری کا ثبوت اورعوام دشمن فیصلوں کے خلاف نفرت کا اظہار کریں۔