لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) رتوڈیرو کے قریب بائی پاس مال پڑی کے علاقے میں دیرینہ دشمنی پر موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے رتوڈیرو سول کورٹ شنوائی پر جانے والے 6 بچوں کے والد گاؤں شادن جتوئی کے رہائشی صوبو کورائی کو شدید زخمی کرکے فرار ہوگئے اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر زخمی کو تشویش ناک حالت میں رتوڈیرو تعلقہ اسپتال منتقل کرنے کے بعد چانڈکا اسپتال لاڑکانہ کے شعبہ حادثات منتقل کردیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک ہونے کے باعث ورثا نے انہیں بذریعہ ایمبولینس کراچی منتقل کرنے کی کوشش کی تاہم صوبو کورائی میہڑ کے قریب راستے میں دم توڑگئے۔اس حوالے سے مقتول کے والد بہار کورائی نے بتایا کہ ہمارا اپنی ہی برادری سے دیرینہ دشمنی ہے جس معاملے پر آج موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے رتوڈیرو کی عدالت میں شنوائی کے لیے جانے والے بیٹے صوبو کورائی پر فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔دوسری جانب مقتول کی نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔