پاکستان اور چین کے صنعتی شعبے میں وسیع امکانات ہیں، حسان داود بٹ

348

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)خیبر پختونخوا سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حسان داود بٹ نیکہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا حالیہ دورہ چین انتہائی کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ سی پیک کی اعلی معیار کی ترقی کو یقینی بنانے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا ہے۔دونوں ممالک کی جانب سے سی پیک کے فریم ورک کے تحت زراعت ،سائنس و ٹیکنالوجی ،بنیادی ڈھانچے اور صنعتی شعبے میں تعاون کے فروغ کا عزم خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین صنعتی اعتبار سے دنیا کا ایک بڑا ملک ہے جہاں جدت کی حامل صنعتکاری کو ترقی دی گئی ہے،پاکستان بھی چین کے تجربے سے سیکھ سکتا ہے اور ویلیو ایڈیشن کی بدولت اپنی مصنوعات کی مانگ میں اضافے کو یقینی بنا سکتا ہے۔سی پیک کے تحت قائم کیے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں اور چینی سرمایہ کار ٹیکسٹائل ، کان کنی ،سیاحت اور دیگر بے شمار صنعتوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔