امریکا نے چین کے خلاف بھارتی امداد کا اعتراف کرلیا

366

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) چین کے خلاف امریکی اتحاد کواڈ کے درمیان اجلاس کا انعقاد کیا گیا،جس میں رکن ممالک بھارت، آسٹریلیا اور جاپان کے وزرائے اعظم نے شرکت کی۔ بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس کے دوران ہند بحرالکاہل میں ہونے والی اہم پیش رفت کے بارے میں تبادلہ کیا گیا۔ آن لائن اجلاس میں امریکی صدر جو بائیڈن، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن اور جاپانی وزیراعظم فومیو کشیدا شامل ہوئے۔ واضح رہے کہ چین کواڈ اتحاد کی مذمت کرتا ہے۔ چین کے مطابق اسے سرد جنگ کے لیے بنایا گیا ہے اور اس کا مقصد دیگر ممالک کو نشانہ بنانا ہے۔دوسری جانب امریکا نے اعتراف کیا ہے کہ وہ چین کا مقابلہ کرنے کے لیے بھارت کی امداد کررہا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے قانون سازوں کو بتایا ہے کہ چین ہر موڑ پر بھارت کو اسی طرح اکسا رہا ہے، جس طرح وہ امریکا کے ساتھ کرتا ہے۔ ان حالا ت میں واشنگٹن بھارت کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کے لیے اپنی پیش رفت کو تیز کرنا چاہتا ہے ۔ بھارت اور چین کے تعلقات اس وقت انتہائی مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ مشرقی لداخ کے تنازع پردونوں ممالک کی افواج ڈیڑھ برس سے ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں۔