زرداری ہمارے اراکین خریدنا چاہتے ہیں‘ شاہ محمود قریشی

172

میرپور خاص،عمر کوٹ(نمائندگان جسارت) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی ہوا نکل چکی ہے۔شاہ محمود قریشی نے میرپورخاص میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی ہوا نکل چکی ہے، ق لیگ نے اپنا عہد عمران خان کے ساتھ نبھانے کا اعلان کیا ہے، عمران خان کی چودھری برادران سے ملاقات پہلی نہیں تھی بلکہ ہر ہفتے ہوتی ہے جب کہ ہم تو روزانہ ہی ملتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندر کوئی گروپ نہیں ہے بلکہ ایک گروپ ہے جس کا نام عمران خان ہے، ہمیں اعتماد ہے ہمارے ایم این ایز اپنے موقف پر ڈٹے رہیں گے، زر اور زرداری ان کو خرینا چاہتے ہیں لیکن یہ بکاؤ مال نہیں۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس ہوا کہ کل کنڈیاری میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے میرے قافلے کو روکنے کی کوشش کی اور وہاں تصادم کی فضا پیدا کی، میچور سیاسی جماعتیں ایسا نہیں کرتی ہیں، بے نظیر کی عادت ایسی نہیں تھی، ہوسکتا ہے کہ نئی پیپلز پارٹی جو زرداری لیگ ہے اس کا شیوا ضرور ہوسکتا ہے۔دریں اثناء وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نوٹ پی پی کا ووٹ عمران خان کا یہ فارمولا بْرا نہیں، جسے تحریک انصاف کو چھوڑنا ہے وہ آج چھوڑ جائے۔ عمر کوٹ میں سندھ حقوق مارچ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بلاول تقریرکرتے ہیں تو پیچھے سے عمران خان کی آواز آتی ہے گھبرانا نہیں ہے، لگتا ہے بچہ گھبرا گیا ہے، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے لیکن بلاول گھبرایا ہوا ہے۔شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا کہ عدم اعتماد تحریک کی ہوا نکل گئی ہے، پارلیمنٹ کو وزیراعظم عمران خان پر مکمل اعتماد ہے، تحریک انصاف میں کوئی ترین گروپ نہیں، صرف عمران خان گروپ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کسی بھی ضلع کو صحت کارڈ دینے پرپابندی عائد کردی ہے، سمجھ نہیں آتا سندھ حکومت صحت کارڈ دینے سے کیوں گھبرا رہی ہے، ہم نے یہاں سے ہارکر بھی تمہارے گلے میں ترقیاتی کاموں کا ہار ڈال دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سندھ میں 16 لاکھ گھرانوں کو 10،10لاکھ کا صحت کارڈ دیا، کوشش ہوگی عمر کوٹ کو بھی صحت کارڈ مل جائے۔