ق لیگ فیصلہ کرلے اقتدار کے ساتھ ہے یا عوام کے ،شاہد خاقان

112

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ن لیگی رہنما و سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ق لیگ نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اقتدار کے ساتھ رہے گی یا عوام کے ساتھ، تحریک عدم اعتماد کے لیے ق لیگ کو دعوت دی ہے، ق لیگ کے5 اراکین ہیں، ان کے بغیر بھی تحریک عدم اعتماد ہوجائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہد خاقان نے کہا کہ نیب کو اسد منیر کے اہلِ خانہ کو جواب دینا پڑے گا، نیب کم سے کم2 الفاظ ہی کہہ دے کہ ہم سے غلطی ہوئی ہے۔ شاہد خاقان نے کہا کہ چیئرمین نیب نے جو کچھ کیا، اس کا ان کو جواب دینا پڑے گا، پچھلے کئی سال سے ہم کہہ رہے ہیں کہ نیب نے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلا ہے، نیب نے کاروبار اور معیشت کو تباہ کیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے کل مقدمہ ختم کردیا، جس کی منظوری چیئرمین نیب نے دی تھی۔ ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ نیب میں صرف سیاسی وفاداریاں تبدیل کرانے کے کیس ہیں، اگلی جو حکومت آئے گی نیب کو بند کردے گی کیونکہ اس نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اقتدار کا کوئی شوق نہیں، یہ پہلی حکومت ہے جس نے دعوے کیے تھے کہ احتساب کریں گے۔