کوئٹہ میں دھماکہ ،ڈی ایس پی سمیت 3 جاں بحق،25 زخمی

146

کوئٹہ(خبر ایجنسیاں) کوئٹہ کے علاقے فاطمہ جناح روڈ پر پولیس وین کے قریب دھماکے سے ڈی ایس پی سمیت 3 اہلکار جاں بحق اور 25 افراد زخمی ہوگئے۔کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشن فدا حسین شاہ نے کہا کہ شام 7بجے تھانہ سٹی کی موبائل گزر رہی تھی کہ زور دھماکا ہوا۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا معلوم کر رہے ہیں تاہم اس دھماکے میں 2 سے ڈھائی کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔ڈی آئی جی فدا حسین شاہ نے بتایا کہ دھماکے میں ایک ڈی ایس پی اجمل سدوزئی سمیت 3 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت 25 افراد زخمی ہوئے ہیں۔سول ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے 3 افراد کے جاں بحق اور دیگر زخمیوں کی تصدیق کی۔دھماکے کے بعد قریبی دکانوں میں آگ لگ گئی جس پر قابو پالیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بیان میں واقعے کی شدید مذمت کی۔انہوں نے ہسپتالوں میں فوری ہنگامی صورت حال نافذ کرنے، تمام ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ہسپتال میں موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے معصوم شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کوئٹہ شہر اور صوبے کے امن کو خراب کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت، ہمدردی اور یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔