کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ٹینس چمپئن شپ سنگلز کا ٹائٹل حیدرآباد کے نادر بچانی نے جیت لیا، مینز ڈبلز میں شہاب خان + عدنان خان اور فدا حسین نے وہیل چیئر مینز سنگلز ٹائٹل جیتا۔محمد زاہد موسانی ڈائریکٹر مسلم اسپورٹس مہمان خصوصی تھے۔ جہاں سلیم سیف اللہ خان نے بھی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔زاہد موسانی نے اگلے سال زیادہ رقم کے ساتھ اسپانسر شپ کا وعدہ کیا۔سلیم سیف اللہ نے سندھ ٹینس ایسوسی ایشن کی فعال کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن 73 سالوں میں پہلی بار ایک وہیل چیئر ٹینس ٹیم کو مارچ میں ترکی کے انطالیہ میں ITF وہیل چیئر ٹینس ٹیم ایونٹ میں حصہ لینے کے لیے بھیج رہی ہے۔ انہوں نے محمد خالد رحمانی اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا جنہوں نے اس تقریب کے لیے سخت محنت کی۔ محمد خالد رحمانی نے رمضان المبارک کے بعد 4 قومی ٹورنامنٹ کرانے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر شاہد اسلام، احمد علی راجپوت، روٹری پیراگون کے اعلیٰ عہدیدار قاضی ایاز الدین، زہرہ قریشی، حمیرا قاضی، اور جنید سدھارتاسمیت دیگر بھی موجود تھے۔